ہماری اصل حریف مسلم لیگ ن ہے، راجہ پرویزاشرف

لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہماری اصل حریف ن لیگ ہے۔این اے 133 میں حلقہ کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی آنکھ کھل گئی ہے، اب ہم ہر سیٹ پر مقابلہ کریں گے۔ ووٹرز سے براہ راست رابطہ کر رہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مہنگائی اور بیروز گاری کے مارے لوگ پیپلز پارٹی سے رابطہ کر رہے ہیں، چارٹر آف ڈیموکریسی پر آج بھی اتفاق ہے مگرہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام سے طاقت حاصل کرتے ییں۔ ان انتخابات میں بہت اچھا رزلٹ آئے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہیے۔عوام کو اس مصیبت سے نکالنا ہم سب کا فرض ہے۔ ماہرین معیشت،سیاست داںوں کومل بیٹھنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک وزیر نے نوکریوں کی بارش ہونے کا کہا تھا، ایسا رویہ بالکل ٹھیک نہیں، امن وامان کی صورتحال خراب ہے، ملک خوفناک صورتحال کی طرف جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ میں عوام کے مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران شارٹ ٹرم بنیادوں پر سوچتے ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان اور اس کی سیاست کا نقصان ہو رہا ہے۔ شدت،گالم گلوچ، ایک دوسرے کی گردن دبوچنے سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ مہنگائی نے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر یقینی اور افراتفری ملک کیلیے نقصان دہ ہے۔ دنیا میں کروڈ آئل کی قیمت گر گئی ہے۔ کیا عوام کو اب ریلیف ملنا چاہیئے۔انہوں نےمطالبہ کیا کہ وزیر اعظم تیل کی قیمت کم کریں کیونکہ مہنگائی کنٹرول میں نہیں ہے اور ڈالر بھی ان کے قابو نہیں آ رہا۔راجہ پرویز اشرف نے طنزیہ کہا کہ افلاطونوں کی باتیں سن کر دماغ خراب ہو رہا ہے، لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔