لباس پر اعتراض اور رقص پر تنقید؛ سونیا حسین کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر آگ لگا دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اور تیزی سے ابھرتی ہوئی اداکارہ سونیا حسین نے حال ہی میں اپنی سالگرہ قریبی دوستوں اور ساتھی فنکاروں کے ہمراہ جوش و خروش سے منائی لیکن اس پُررونق تقریب کی وائرل ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
تقریب میں سونیا حسین نے دو مختلف آف شولڈر ملبوسات زیب تن کیے، پہلابے بی پنک گاؤن اور دوسرا گرین ڈریس جو انہوں نے کیک کاٹنے کے دوران پہنا پارٹی میں شریک دیگر شخصیات بھی جدید مغربی طرزِ لباس میں دکھائی دیں جس پر بعض صارفین نے تنقید کی بوچھاڑ کر دی۔
تقریب میں نہ صرف گلیمر چھایا رہا بلکہ ویڈیوز میں سونیا حسین کو دلکش انداز میں رقص کرتے بھی دیکھا گیا۔ ان کے ہمراہ منشا پاشا، ژالے، اعجاز اسلم، عمر عالم اور حسن رضوی سمیت کئی قریبی دوست بھی موجود تھے جنہوں نے محفل کو یادگار بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
جہاں ایک طرف مداحوں نے سونیا حسین کو سالگرہ کی مبارکباد دی وہیں بڑی تعداد میں صارفین نے تقریب کے لباس رقص اور وقت کے انتخاب پر اعتراضات اٹھائے۔ کئی صارفین نے موجودہ عالمی حالات بالخصوص فلسطین کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے تقریب کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ان لوگوں کا شکریہ جو ایسی پارٹیاں منعقد کرتے ہیں پھر ان کو پبلک کرتے ہیں کیوں کہ ان کو دیکھ کر کم از کم مجھے اللہ کی یاد ضرور آتی ہے میں اپنے گناہوں پہ فورآ توبہ کرتا ہوں. باقی ان کا معاملہ یہ جانیں اور اللہ جاننے
ایک صارف نے لکھا کہ جب دنیا کے کسی حصے میں معصوم بچے بموں کے سائے میں ہیں وہاں ہماری شوبز شخصیات جشن منا رہی ہیں۔
سونیا حسین کی سالگرہ 15 جولائی کو منائی گئی تھی تاہم ویڈیوز اگرچہ تاخیر سے وائرل ہوئیں مگر اب تک اداکارہ کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی لیکن سوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
