ملک سے فرار کی کوشش ناکام، ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ”ڈکی بھائی“ کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی کے خلاف مختلف مقدمات میں تحقیقات جاری تھیں اور ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈکی بھائی بیرونِ ملک روانگی کی کوشش کر رہے تھے تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں، تاہم ایئرپورٹ حکام نے انہیں روک لیا۔
خیال رہے کہ اپریل میں موٹروے پولیس نے ان کے خلاف دورانِ ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے دو مقدمات درج کیے تھے۔ الزام تھا کہ انہوں نے اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلائی اور ان کی گاڑی کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔
یوٹیوبر (ڈکی بھائی) کے خلاف غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلانے پر مقدمہ درج! pic.twitter.com/Yg2pBUcS3U
— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) April 25, 2025
یہ مقدمات راولپنڈی کے تھانے چکری اور لکسیاں میں درج ہوئے تھے جس کے بعد ڈکی بھائی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت حاصل کی تھی۔ تاہم اب انہیں ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ 2024 میں بھی ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے اس وقت حراست میں لیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کی تھی۔ حکام کے مطابق وہ مختلف مقدمات میں تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں اور مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔
