محمد رضوان کا خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں کیلئے جذباتی پیغام

لاہور (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے جذباتی پیغام دیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے جہاں اب تک 300 سے زائد افرادجاں بحق جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں اور انفرا اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
صوبے کی خراب صورتحال پرکرکٹر محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر عوام کیلئے اپنا جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
محمد رضوان نے لکھا کہ ‘میری محبت اور دعائیں خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے ہیں، سیلاب کے بعد سامنے آنے والی تصاویر دل دکھا دینے والی ہیں، تمام متاثرین کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔’
My deepest prayers and love to the people of Khyber Pakthunkhwa. The images and stories coming out of the floods are heartbreaking. To everyone affected, please know that you are not alone.
I urge everyone to come forward, donate, and support the relief efforts. Every little…
— Muhammad Rizwan (@iMRizwanPak) August 17, 2025
قومی کرکٹر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ‘متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں، ہماری تھوڑی سی کوشش، متاثرین کے لیے بڑی ثابت ہو سکتی ہے۔’
دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی سیلاب میں متاثرہ خاندانوں سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ مہربانی کرکے سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کریں، ہم سب اس مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد رہےکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے 300 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
بونیر میں مکینوں کے آشیانے اجڑ گئے، ہرطرف ملبے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے بڑے بڑے پتھروں کے ڈھیر ہیں، متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور مقامی رضاکاروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہے۔
سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیر اور بٹگرام میں 31 اگست تک ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
