مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل 23اگست سے متوقع، الرٹ جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل 23اگست سے متوقع ہے،پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں میں پانی کے اضافے کا الرٹ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کے مطابق 23سے 27اگست تک دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، 22اگست کی رات مغربی ہوائیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات میں بارش کی پیش گوئی ہے،لاہور،قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا میں بارش متوقع ہے،گوجرانوالہ، حافظ آباداور وزیرآباد میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔رحیم یارخان، جھنگ، ننکانہ اورٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں ہوں گی۔اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ،ملتان ، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور میں بارش کی پیش گوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے،پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرزڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا۔
