عمران خان کے فیملی ممبرز کی گرفتاری سے سیاسی تناؤ پیدا کیا جارہا ہے، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے فیملی ممبران کو گرفتار کرکے سیاسی تناؤ پیدا کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مائیکروبلاگنگ سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ کل علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو گرفتار کیا گیا اور آج ان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان اقدامات سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، حالانکہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تناؤ کم ہو لیکن اس کے برعکس گرفتاریاں شروع کر دی جاتی ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف نااہلیاں کی جارہی ہیں اور وارنٹ گرفتاری جاری ہورہے ہیں، دوسری طرف عمران خان سے نہ تو فیملی کو ملاقات کی اجازت ملتی ہے اور نہ ہی وکلا سے ملنے دیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مکمل طور پر آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے، انہیں ٹی وی اور اخبارات تک سے محروم رکھا جارہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کے قریبی رشتہ داروں کو ایک کے بعد ایک گرفتار کرنا حالات کو مزید خراب کر رہا ہے اور اس طرح کے اقدامات عوام میں نفرت کو بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی یہ سازش کر رہا ہے اسے فوری طور پر ختم کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کے بیٹے شاہ ریز کو مسلح نقاب پوش افراد نے گھر سے اغوا کر لیا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس 4 افراد کچن کے راستے سے گھر میں داخل ہوئے۔ اس وقت شاہ ریز اپنی اہلیہ اور والد کے ہمراہ اوپر والے حصے میں موجود تھے، ان مسلح افراد نے ڈرائیورز کو بھی ڈرا دھمکا کر ہراساں کیا۔
دوسری طرف میڈیا رپورٹس کے مطابق لیمہ خان کے دوسرے بیٹے، شیر شاہ خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، شیر شاہ خان کو ان کی رہائشگاہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتاری سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے کی جبکہ ان کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔

WhatsApp
Get Alert