ججز سیمینار میں سزا یافتہ کو بطور مہمان خصوصی بُلایا گیا، وزیراعظم عمران خان

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں ججز کے سیمینار میں سزا یافتہ کو بطور مہمان خصوصی بُلانے سے پیغام گیا کہ ڈاکا مارنا ہے تو بڑا ڈاکا مارو۔جہلم میں القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے نام لیے بغیر سابق وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں صرف چھوٹے چور پکڑے جاتے ہیں، چوروں کو برا نہیں سمجھا جاتا، جب ملک کا لیڈر ہی پیسا چوری کرنا شروع کردے اس سے بڑا اللّٰہ کا عذاب کسی انسان پر نہیں آسکتا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کلونیل ازم کی وجہ سے مسلمان دنیا میں ذہنی غلام ہیں اور ہمارے نظام تعلیم میں فرق ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا۔
مغربی کلچر کو تباہی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت یونیورسٹیوں میں تحقیق کی ضرورت ہے، میں پرائم منسٹریونیورسٹی بنا رہا ہوں جو دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیرت النبیﷺ پر عمل کے بغیر ہم کسی مقام کو حاصل نہیں کر سکتے اور عظیم قومیں عظیم کردار سے بنتی ہیں، اسلام کے خلاف جب بھی کوئی معاملہ ہوتا ہے پاکستان سب سے پہلے کھڑا ہوتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں جتنے لوگ پہلے آئے انھیں کوئی نہیں جانتا تھا لیکن مجھے لوگ سیاست میں آنے سے پہلےکے جانتے ہیں، ایماندار شخص بہت سی پابندیوں سے آزاد ہوتا ہے، خود غرض اور بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا جبکہ سچا اور انصاف کرنے والا ہی بڑا لیڈر بن سکتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کو برائی نہ سمجھنے والا معاشرہ کبھی نہیں چل سکتا، جب لیڈر ملک کا پیسہ چوری کرتا ہے تو اس پر اللّٰہ کا عذاب آتا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں اخلاقیات نہ ہوں وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے، نوجوانوں کی سیرت النبیﷺ کے ذریعے اخلاقی تربیت کرنی ہے۔