عامر اور رنبیر ’پی کے‘ کے بعد ایک اور فلم میں ساتھ دکھائی دیں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے نامور اداکار عامر خان اور رنبیر کپور ’پی کے‘ کے بعد ایک اور فلم ساتھ کریں گے۔بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان ان دنوں اپنی میگا بجٹ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے جب کہ فلم میں ان کے ہمراہ ادکارہ کرینہ کپور مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کرسمس 2021 کے موقع پر ریلیز کی جانی تھی جس کے بعد اسے 14 فروری 2022 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم اب یہ فلم اپریل 2022 میں ریلیز ہوگی۔
عامر خان کے مداح اس تاریخ سے خوش دکھائی نہیں دیتے کیوں کہ اپریل 2022 میں بھی میگا بجٹ فلم ’کے جی ایف ٹو‘ ریلیز ہوگی جس کا انتظار مداح بے صبری سے کررہے ہیں تاہم عامر خان نے اس بار تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے دونوں فلمیں ایک ساتھ ہی ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عامر خان ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی ریلیز کے فوراً بعد ایک اور فلم پر کام شروع کردیں گے جس کا نام تو اب تک فائنل نہیں ہوا تاہم بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور ان کے ساتھ مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔
اداکار رنبیر کپور نے 7 سال قبل راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں ریلیز ہونے والی بلاگ بسٹر فلم ’پی کے‘ میں عامر خان کے ساتھ مختصر کردار ادا کیا تھا جس کے بعد دونوں اداکاروں نے مستقبل میں فلم ساتھ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جو اب پوری ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔واضح رہے رنبیر کپور کی فلم ’شمشیرہ‘ بھی 2022 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی جس میں ان کے مدمقابل وانی کپور مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ سنجے دت میں اہم کردار میں ہوں گے۔