پنجاب کے سیلاب متاثرین میں جلدی امراض سمیت مختلف بیماریاں پھیلنے لگیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلےرہنے پر مجبور ہیں ، انتظامات نہ ہونے کے باعث بچوں اور بڑوں میں جلدی امراض سمیت مختلف بیماریاں پھیلنے لگیں۔
لاہورکے علاقے چوہنگ میں کھلے آسمان تلے سیلاب متاثرین کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا جہاں بچوں میں خارش اور دیگر امراض پھیل رہے ہیں۔
بچوں کے لیے دودھ بھی دستیاب نہيں، مائيں کہتی ہيں خالی فیڈر میں پانی ڈال کر بچوں کو پلا رہے ہیں جس سے بچوں کو الٹیاں لگ گئی ہيں۔
چوہنگ لاہورکے ایک ریلیف کیمپ میں 2 ماہ کے شیر خوار کی آنکھوں سے خون نکل رہا ہے، خود خواتین کو بھی جلدی امراض کا سامنا ہے۔
ماؤں کا کہنا ہےکہ ان حالات میں انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا کریں اور کدھر جائیں، خواتین کا کہنا ہےکہ حفظان صحت کے اصولوں کاکہیں کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا جس کی وجہ سے ادویات بھی اثر نہیں کر رہی ہیں۔
ایک متاثرہ خاتون نے بتایا کہ روزگار کے لیے جو ایک رکشہ تھا وہ بھی پانی میں ڈوب کر خراب ہوگيا۔
