وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس


کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے شرکت کی اور شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ بحالی امن کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عوام و میڈیا کو حکومتی اقدامات اور حقائق سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تھریٹ الرٹ کے تناظر میں سیاسی جماعتوں اور عوام کا سیکیورٹی اداروں سے تعاون وقت کی ضرورت ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کے شہداء کے اہل خانہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین علاج اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ شدید زخمیوں کو فضائی سروس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے 12 ربیع الاول کے پروگرامز کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی اور عوام سے اپیل کی کہ جلوسوں اور اجتماعات کے دوران حکومت اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

WhatsApp
Get Alert