وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، کوئٹہ دھماکے پر اظہار افسوس


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کوئٹہ دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جلسے پر حملہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی انتشار پھیلانے کی گھناؤنی سازش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن اور ترقی کے دشمن ہیں اور معصوم و نہتے شہریوں پر دہشت گرد حملے بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert