مون سون کا طاقتور اسپیل؛ کراچی میں آج سے بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ کا خدشہ
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں متوقع ہیں

کراچی(قدرت روزنامہ)مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت آج شام یا رات سے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم اس وقت جنوب مغربی راجستھان (انڈیا) اور ملحقہ سندھ پر ہے، اس سسٹم کی وجہ سے صوبہ سندھ پر مون سون ہوائیں مسلسل اثرانداز ہو رہی ہیں۔
کراچی میں آج شام سے 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی و موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، بارش سے قبل شہر کا موسم مرطوب اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
منگل کو کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار اور شدید موسلادھار بارشیں ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
موسلا دھار بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدر آباد اور کراچی میں شہری سیلاب اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں متوقع ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے 85 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں موسمی نظام موجود ہے جس کے زیر اثر عمرکوٹ، سانگھڑ، تھر پارکر، اسلام کوٹ، نگر پارکر، چھاچھرو، مٹھی، میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور آندھی کی بھی توقع ہے لہٰذا عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسمی سرگرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
