کراچی، مسلح ملزمان بینک سے8 لاکھ لے اُڑے
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں بینک ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان بینک سے تقریباً 8 لاکھ روپے لے اڑے۔پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے بلاک 17 میں بینک ڈکیتی ہوئی، واردات کے دوران ملزمان کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا گیا۔جیو نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان ایک گروہ کی شکل میں بینک میں داخل ہوئے۔
ملزمان کا فلمی انداز دیکھ کر بینک کا کیشئر ٹیبل کے نیچے چھپ گیا۔پولیس حکام کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی تعداد 5 سے 6 تھی۔ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان افراتفری میں بینک سے صرف 8 لاکھ 57 ہزار روپے ہی لوٹ سکے جبکہ بینک کا کافی کیش لٹنے سے بچ گیا۔پولیس کی جانب سے ڈکیتی واردات کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔