سوشل میڈیا اسٹار پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا؛ احمد شاہ کا چھوٹا بھائی عمر شاہ دنیا سے رخصت ہوگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف سوشل میڈیا چائلڈ اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے ہیں۔ اس دکھ بھری خبر پر مداحوں اور فالوورز میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور سب نے اللہ سے مرحوم کے لیے جنت کی اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر سن کر واقعی صدمہ ہوا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ کسی سرجری سے گزر رہا تھا اور کہا جا رہا تھا کہ وہ بہتر ہو رہا ہے اللہ اہل خانہ کو صبر دے یہ بہت ہی دل دہلا دینے والی خبر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں مشہور چائلڈ انفلوئنسر عمر شاہ نے ایک سرجری کروائی ہے جس کی اطلاع ان کے بھائی معروف انفلوئنسر احمد شاہ نے ایک ویڈیو کے ذریعے دی تھی۔

احمد شاہ نے بتایا تھا کہ عمر کو ایک طبی عمل سے گزرنا پڑا ہے اور وہ اب صحت یابی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے دعا کی درخواست کی کہ وہ عمر کی جلد صحت یابی اور بھلائی کے لیے دعا کریں۔
عمر شاہ اور احمد شاہ دونوں سوشل میڈیا پر خاصے مقبول ہیں اور رمضان کے موقع پر نشر ہونے والے پروگرامز میں اپنی معصومانہ شرارتوں اور دلچسپ بات چیت سے عوام کے دل جیت چکے ہیں۔
یہ دونوں بھائی اے آر وائے نیوز کے سالانہ شو “شانِ رمضان” کے لازمی حصے تصور کیے جاتے ہیں جہاں ان کی موجودگی اور حرکات ناظرین کو بے حد پسند آتی ہیں۔
یاد رہے کہ 2023 میں احمد شاہ کی چھوٹی بہن عائشہ شدید بیمار ہونے کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔ احمد شاہ کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کی وفات کی خبر دی گئی تھی جس میں مداحوں سے عائشہ کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

پاکستان کے معروف صحافی وسیم بادامی نے بھی انسٹاگرام پر احمد شاہ کی بہن عائشہ کے انتقال کی تصدیق کی اور اپنے ویڈیو پیغام میں ان کی اور ان کے اہل خانہ کی دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
احمد شاہ کے اہل خانہ نے عائشہ کی صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی، لیکن بدقسمتی سے وہ اس دنیا کو چھوڑ گئی تھیں۔ اب عمر شاہ کے انتقال نے احمد شاہ اور ان کے خاندان کو ایک اور گہرا صدمہ دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert