ڈی چوک اسلام آباد میں جتنے مظاہرے ہوتے ہیں لندن کے ہائیڈ پارک میں بھی نہیں ہوتے، شیخ رشید
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمارتیں بلند کرنے سے صلاحتیں بلند نہیں ہوتیں ، معاشرے کو ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے ۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید اسلام آباد میں پولیس لائن میں تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ جتنے مظاہرے ڈی چوک اسلام آباد میں ایک ماہ میں ہوتے ہیں، لندن کے ہائیڈ پارک میں ایک سال میں نہیں ہوئے، اسلام آباد پولیس پر امن و امان قائم رکھنے کی زیادہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اسلام آباد پولیس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، اسلام آباد، مری اور خیبرپختونخوا تک پھیل گیا جس کی وجہ سے اسلام آباد پولیس کی ذمہ داری بڑھتی جا رہی ہے۔
اس موقع پر شیخ رشید نے عوام کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ ذمہ داریوں کا احساس کرے، پولیس پر بلا جواز تنقید نہ کی جائے، عمارتیں بلند کرنے سے صلاحتیں بلند نہیں ہوتیں ۔