‘پیپلزپارٹی کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان’

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ یہ ٹی وی پر آکر کہتے ہیں سب اچھا ہے، پیپلز پارٹی مہنگائی اور ناکام حکومت کے خلاف 10 دسمبر سے ملک بھر میں احتجاج کرے گی،حکومت کا گھر جانا ہی اب ملک کے مفاد میں ہے۔


انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی لیکن حکومت نے پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں کی۔ حکومت فی لیٹر پیٹرول پر Rs27 اور ڈیزل پر 33 روپے سے زائد ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ اوگرا نے حکومت کو تیل کی قیمتیں کم کرنے کی سفارش کی لیکن حکومت نے نہیں کی۔ پیٹرول 5 سے 8 روپے سستا ہو سکتا تھا۔


شیری رحمان نے مزید کہاکہ حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی؟ اس کا جواب وزیروں کی فوج کیوں نہیں دے رہے؟ دوسری طرف ہر ماہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا، حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ 4 روپے 74 پیسے بڑھا دئے ہیں، جس سے دسمبر میں عوام سے 60 ارب روپے لوٹے جائے گے۔