حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے، لوگوں کی تکالیف دیکھتے ہوئے اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت احساس راشن پروگرام کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ماہانہ ہزار روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ 2 کروڑ گھرانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر ایک ہزار روپے کی رعایت دی جائے گی۔
بریفنگ کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ پروگرام کے تحت کریانہ اسٹورز کی رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک 15 ہزار سے زائد کریانہ اسٹور رجسٹر ہوچکے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ غریب گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے رجسٹریشن تیز کی جائے۔خیال رہے کہ اجلاس میں ثانیہ نشتر، شوکت ترین، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید بھی شریک ہوئے۔