شاہ رخ خان نےکرکٹ گراؤنڈ میں جوہی چاولہ کو کیوں ڈانٹا تھا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جوہی چاولہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار شاہ رخ نے انہیں کرکٹ گراؤنڈ میں ڈانٹا تھا۔جوہی چاولہ نے کامیڈین کپل شرما کے شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے آئی پی ایل کے دوران ہونے والے ایک واقعے کے بارے میں بتایا۔اداکارہ نے کہا کہ ’جیسے ہی ان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز(کے کے آر ) کھیلنا شروع کرتی ہے تو وہ دعائیں مانگنا شروع کردیتی ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ’میں بھگوان کو یاد کرنا، منترا پڑھنا شروع کر دیتی ہوں، سب کے پیر پڑجاتی ہوں، ہنومان جی تک کو نہیں چھوڑتی، سب کچھ کرتی ہوں‘۔جوہی چاولہ نے بتایا کہ جب ٹیم میچ ہارنے لگتی ہے تو شاہ رخ خان بے سکونی کا شکار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ’ایک بار وہ دعائیں مانگ رہی تھیں تو شاہ رخ نے انہیں ڈانٹنا شروع کردیا‘۔ شاہ رخ خان نےجوہی چاولہ کو غصّے سے کہا کہ ’یہ بولنگ کیسی کر رہے ہیں، بولنگ کو فیلڈنگ کے مطابق ہونا چاہیے‘۔شاہ رخ نے مزید کہا کہ ’یہ صحیح نہیں ہے، انہیں اس پر ٹیم میٹنگ بلانی چاہیے‘۔
جوہی چاولہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ’ شاہ رخ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر انہیں ڈانٹا شروع ہوگئے تو انہیں سمجھ ہی نہیں آئی کہ وہ کیا کریں‘۔ جب میزبان نے جوہی چاولہ سے پوچھا کہ شاہ رخ خان ٹیم میٹنگ بلاتے ہیں تو اس میٹنگ میں کیا ہوتا ہے۔اس سوال کا جواب دیتے ہوئے جوہی چاولہ نے بتایا کہ’ شاہ رخ شروع ہوجاتے ہیں، اِدھر کی باتیں، اُدھر کی باتیں، میچ کی باتیں، یہ مزیدار باتیں، وہ مزیدار باتیں، کسی کو کچھ نہیں بولتے‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’شاہ رخ آخر میں بس اتنا کہہ کر میٹنگ ختم کردیتے ہیں کہ سب نے میچ اچھا کھیلا ‘۔خیال رہے کہ اداکارہ جوہی چاولہ اور شاہ رخ خان، دونوں انڈین پریمیئر لیگ کی فرینچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک ہیں۔