وطن کی مٹی سے دوبارہ جڑنا ہے؟ نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شروع کیا گیا پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) پروگرام غیر ملکی پاکستانی نژاد افراد کو اپنے وطن سے دوبارہ جوڑنے اور متعدد خصوصی مراعات فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
یہ کارڈ حاملین کو پاکستان میں بغیر ویزہ کے متعدد بار داخلے، غیر معینہ مدت تک قیام بغیر پولیس رپورٹنگ کے اور جائیداد خریدنے اور اس کے انتظام کا حق دیتا ہے اس کے علاوہ کارڈ ہولڈرز بینک اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں جبکہ فوری امیگریشن کلیئرنس حاصل کر سکتے ہیں اور قومی شناختی کارڈ کے بجائے اسے شناخت کے ثبوت کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ کارڈ پاکستان میں ملازمت کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔
اسمارٹ پی او سی ایک خاص قسم کا کارڈ ہے جو ان افراد کے لیے ہے جنہوں نے یا جن کے والدین نے پاکستانی شہریت ترک کر دی ہے اور اب وہ ان ممالک کی شہریت رکھتے ہیں جن کے ساتھ پاکستان کا دوہری شہریت کا معاہدہ نہیں ہے۔ پاکستانی شہریوں کے غیر ملکی میاں بیوی بھی اس کے اہل ہیں۔
اس پروگرام کے لیے سابق پاکستانی شہری، پاکستانی نسب رکھنے والے غیر ملکی شہری یا پاکستانی یا سابق پاکستانی شہریوں سے شادی شدہ افراد درخواست دے سکتے ہیں تاہم بھارت، اسرائیل، تائیوان، غیر تسلیم شدہ ممالک یا دشمن ممالک کے شہری اس پروگرام کے لیے اہل نہیں ہیں۔
پاکستان کا 21 ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کا معاہدہ ہے جن میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ اسمارٹ پی او سی کی درخواست پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے دی جا سکتی ہے، جس میں نئی درخواستوں، تجدید، ترمیم اور منسوخی کے زمرے شامل ہیں۔
یہ پروگرام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے اپنی جڑوں سے جڑے رہنے اور بغیر پیچیدہ رسمیات کے فوائد حاصل کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔

WhatsApp
Get Alert