سونا لاکھوں میں بیچو اور ٹیکس ایک پیسہ نہیں؟ ایف بی آر نے جیولرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سونے کے کاروبار سے وابستہ افراد پر ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ملک بھر کے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے جن میں سے صرف 21 ہزار افراد محکمہ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق رجسٹرڈ جیولرز میں سے بھی صرف 10 ہزار 524 نے اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کروائے ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر جیولرز اپنی آمدنی حقیقت سے کم ظاہر کر کے ٹیکس بچا رہے ہیں جو قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 900 جیولرز کی ابتدائی فہرست مرتب کرلی ہے جن کا تعلق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان جیسے بڑے شہروں سے ہے۔
ٹیکس حکام کے مطابق ٹیکس نیٹ میں نہ آنے والے یا کم ٹیکس ادا کرنے والے جیولرز کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ ان سے باقاعدہ جواب طلب کیا جا سکے۔
ایف بی آر کا موقف ہے کہ وہ تمام شعبوں کو بتدریج ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کام کررہا ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر ہر شہری ایمانداری سے اپنے حصے کا ٹیکس دے تو ملک معاشی طور پر مضبوط ہو سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert