پاکستان

اومی کرون کے پیش نظر کورونا ویکسینیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے ، وزیر اعظم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اومی کرون کے پیش نظر کورونا ویکسینیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد اور اعلیٰ عہدے داروں نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیو کے لیے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، پولیو ورکرز جو دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں ، قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں ، جس کے لیے وہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بہترین کارکردگی دیکھانے والے پولیو ورکرز کے لیے انعامات دینے کا پلان کیا جائے ، کم منتقلی والا سیزن پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے موزوں ترین وقت ہے او ہم سب کو مل کر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے ، ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بچوں کی عمومی بچاؤ کے ٹیکوں اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ ساتھ چلایا جائے ، نئی قسم اومی کرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسینیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، بلوچستان کے اضلاع ، کوئٹہ میں قلعہ عبداللہ اور پشین، اور سندھ میں حیدر آباد اور کراچی میں گندے پانی کے ذریعے پولیو کے پھیلاؤ کا خطرہ زیادہ ہے۔واضح رہے کہ اجلاس میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز اور 30 سے زائد ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں