رانا شمیم کا اصل بیان حلفی منگوانے کیلئے اٹارنی جنرل آفس کا ہائی کمیشن لندن خط

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا لندن سے اصل بیان حلفی منگوانے کیلئے اٹارنی جنرل آفس نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کو خط لکھ دیا۔ خط اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں لکھا گیا۔نیو نیوز کے مطابق اٹارنی جنرل آفس نے خط کی کاپی رانا شمیم کے وکیل لطیف آفریدی کو ارسال کردی ہے۔ خط کی کاپی سیکرٹری وزارت خارجہ اسلام آباد کو بھی بھیجی گئی ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ اصل بیان حلفی وزارت خارجہ کے ذریعے جلد از جلد اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے ۔شکوک وشبہات کو دور کرنے کے لیے بیان حلفی کی ایک کاپی پاکستان ہائی کمیشن کے نمائندے کے سامنے دستخط کروا کر محفوظ کی جائے۔
واضح رہے کہ اخبارات میں چھپنے والے رانا شمیم کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بیان حلفی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس لیا تھا گزشتہ سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے گلگت بلتستان کورٹ کے سابق چیف جج رانا شمیم کا اپنا اصل بیان حلفی پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔