ایمیریٹس پر سفر کرنے والے ہوجائیں خبردار، یکم اکتوبر سے مسافروں کے لیے اہم پابندیوں کا اعلان

کراچی (قدرت روزنامہ)ایمریٹس ایئرلائن نے مسافروں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ یکم اکتوبر 2025 سے جہاز میں پاور بینک کے استعمال اور چارجنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
ایئرلائن کے مطابق مسافر صرف ایک پاور بینک اپنے کیبن بیگ میں رکھ سکیں گے، تاہم یہ سامان چیک اِن بیگیج میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
Emirates reminds passengers: New rule starts October 1
Flying with Emirates? Major travel rule change in October. Here’s what it means for travellers flying from Dubaihttps://t.co/TI0ir6RZUP
— Gulf News (@gulf_news) September 24, 2025
ایمریٹس کی ویب سائٹ پر جاری اپڈیٹ کے مطابق ہر مسافر کو صرف ایک پاور بینک ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کی گنجائش زیادہ سے زیادہ 100 واٹ آور تک ہو۔
تاہم دورانِ پرواز پاور بینک کسی ڈیوائس کو چارج کرنے یا خود چارج کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ پاور بینک پر اس کی گنجائش واضح طور پر درج ہونا لازمی ہے۔
پاور بینک کو صرف سیٹ کے نیچے یا سامنے والی جیب میں رکھا جا سکتا ہے، تاہم اوورہیڈ لاکر میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایئرلائن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاور بینک کو چیک اِن بیگیج میں رکھنا پہلے سے ہی ممنوع ہے۔

وجہ کیا ہے؟
ایمریٹس ایئرلائن کے مطابق یہ فیصلہ حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، ماہرین کے مطابق پاور بینک اگر زیادہ چارج ہوجائے یا خراب ہو جائے تو اس میں ’تھرمل رن اَوے‘ کا عمل شروع ہوسکتا ہے، جو تیز حرارت، آگ لگنے، دھماکے یا زہریلی گیس کے اخراج کا باعث بن سکتا ہے۔
دیگر الیکٹرونک ڈیوائسز کے قواعد
ایئرلائن نے اس سے قبل بھی مسافروں کو یاد دہانی کرائی تھی کہ وہ زیادہ سے زیادہ 15 ذاتی برقی آلات لیپ ٹاپ، موبائل فون، ٹیبلیٹس وغیرہ جہاز میں ساتھ لے جا سکتے ہیں۔ یہ آلات الگ الگ پیک ہونے چاہییں کیونکہ مقررہ تعداد سے زائد یا غلط طریقے سے پیک ہونے کی صورت میں انہیں ضبط بھی کیا جا سکتا ہے۔

اسمارٹ بیگ، ہوور بورڈ اور منی سیگ وے جیسے بیٹری سے چلنے والے آلات بھی جہاز میں ساتھ لے جانے یا چیک اِن کرنے کی اجازت نہیں رکھتے۔
اتحاد ایئرویز کی وضاحت
دوسری جانب اتحاد ایئر ویز نے سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں واضح کیا کہ بلیو ٹوتھ اسپیکر سمیت زیادہ سے زیادہ 15 برقی آلات کی اجازت ہے، البتہ یہ ڈیوائسز اگر چیک اِن بیگیج میں رکھی جائیں تو انہیں مکمل طور پر بند یعنی پاور آف کیا جانا ضروری ہے۔
ایئرلائن نے مزید کہا کہ اضافی بیٹریاں، پاور بینک اور ای سگریٹ کسی صورت چیک اِن بیگیج میں نہیں رکھے جا سکتے، جبکہ قیمتی یا نازک الیکٹرونک ڈیوائس کیبن بیگ میں رکھنا زیادہ محفوظ ہے۔
