بلوچستان ہائیکورٹ : لکپاس ٹنل پر ٹریفک جام اور جرائم : ڈپٹی کمشنر مستونگ ذاتی حیثیت میں طلب، ایف سی اور کسٹمز سے بھی جواب طلب


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ کو ملک کے دیگر شہروں سے ملانے والے اہم ترین لکپاس ٹنل پر ٹریفک جام اور مجرمانہ سرگرمیوں کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی نے ڈپٹی کمشنر مستونگ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔
عدالت نے ڈی سی مستونگ کو لکپاس ٹنل پر گزشتہ ایک سال کے دوران مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کی فہرست فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر جامع رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
عدالت نے ایف سی نارتھ اور کسٹمز حکام سے بھی جواب طلب کیا ہے کہ ٹنل کے آغاز میں قائم ان کی چیک پوسٹوں کو کسی دوسری مناسب جگہ پر کیوں نہ منتقل کیا جائے، جس کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے، اور حکم دیا کہ ناکامی کی صورت میں ان کے نمائندے بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں ۔

WhatsApp
Get Alert