سوزوکی آلٹو اب صرف 19 ہزار ماہانہ پر، مگر کیسے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوزوکی موٹرز نے پاکستان میں آلٹو کار کے خریداروں کے لیے نیا پرکشش منصوبہ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین پرانی گاڑی ایکسچینج کر کے محض 18 ہزار 999 روپے ماہانہ ادائیگی کے ساتھ نئی آلٹو حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ اسکیم سوزوکی اور ایچ بی ایل کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس میں فنانسنگ پر 10 فیصد مارک اپ رکھا گیا ہے۔
سوزوکی موٹرز کا یہ منصوبہ پرانی گاڑی کی قیمت کے تخمینے پر مبنی ہے،اگر صارف کی پرانی گاڑی کی مالیت 21 لاکھ روپے یا اس سے کم ہے تو خریدار کو 18 ہزار 999 روپے ماہانہ ادائیگی کرنا ہوگی، جب کہ باقی رقم ایچ بی ایل کے ذریعے 10 فیصد شرحِ سود پر فنانس کی جائے گی۔
تاہم اگر پرانی گاڑی کی قیمت 21 لاکھ روپے سے زیادہ ہے تو اضافی رقم نئی آلٹو کی فنانسنگ میں کمی کر دے گی، جس سے ماہانہ قسطیں مزید کم ہو سکتی ہیں۔
مثال کے طور پر اگر کسی صارف کی پرانی گاڑی 25 لاکھ روپے میں ویلیو کی جاتی ہے تو 4 لاکھ روپے اضافی رقم کے طور پر فنانسنگ میں کمی آئے گی، جبکہ ابتدائی 18 ہزار 999 روپے کی ادائیگی بدستور برقرار رہے گی۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت مخصوص شرائط و ضوابط کے ساتھ دستیاب ہے، جس میں گاڑی کا ایکسچینج اور ایچ بی ایل کی فنانسنگ شامل ہے۔ سوزوکی حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد صارفین کو آسان اور لچکدار ادائیگی کا نظام فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نئی آلٹو زیادہ سہولت سے حاصل کر سکیں۔

WhatsApp
Get Alert