کوئٹہ: دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب، ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ ناکام بنا دیا گیا، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد گورنمنٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی بدولت ایف سی ہیڈکوارٹر پر ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔” انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا، “ہم بلوچستان کو ایک پرامن اور محفوظ صوبہ بنانے کے اپنے عزم پر مضبوطی سے کاربند ہیں۔” انہوں نے مزید بتایا کہ زہری کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اور ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو منفی پروپیگنڈے سے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں اور پاکستان کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں۔
آخر میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے دھماکے کے شہداء کے خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert