صحافتی تنظیموں کی اسلام آباد پریس کلب پر پولیس کے دھاوےکی مذمت، واقعہ دہشتگردی قرار دیدیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صحافتی تنظیموں سی پی این ای، پی ایف یو جے اور ایمینڈ نے اسلام آباد پریس کلب پر پولیس کے دھاوے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دے دیا ۔
صحافتی تنظیموں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ یہ صحافیوں کے خلاف کئی روز سے جاری کارروائیوں کا تسلسل ہے۔ ملوث اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کی کردار کشی، انہیں دباؤ میں لانے اور اظہار رائے سلب کرن کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، صحافیوں کے خلاف اقدامات پر آئینی و قانونی جدوجہد کا ہر آپشن استعمال کریں گے۔
صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے بھی اسلام آباد میں صحافیوں پر پولیس کے تشدد کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں فاضل جمیلی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پریس کلب میں صحافیوں پر پولیس کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں، اسلام آباد پولیس نے نیشنل پریس کلب کی حرمت کو پامال کیا ہے، نیشنل پریس کلب کی حرمت کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے، مکمل جوابدہی ہونی چاہیے۔
پشاور پریس کلب کے صدر نے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر سمجھوتا نہیں کیا جائےگا، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert