بلوچستان کے ہر ضلع اور ہر ڈویژن کی یکساں ترقی ہماری ترجیح ہے۔صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ایک معزز رکن کے سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت پورے صوبے کی یکساں اور متوازن ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ ہمارے ترقیاتی ایجنڈے میں ژوب اور شیرانی سے لے کر تربت اور گوادر تک، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی سے خاران اور چاغی تک، اور حب، بیلہ اور خضدار سے لے کر قلات اور لورالائی تک، تمام ڈویژن اور اضلاع یکساں ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک اصولی بات ہے کہ صوبے کی ترقی کو لسانیات یا کسی سیاسی مصلحت کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، کیونکہ ایسا کرنا صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا۔ اگر کوئی شاہراہ چمن یا ژوب میں تعمیر ہوتی ہے تو اس سے پورے صوبے کے عوام مستفید ہوتے ہیں۔ اسی طرح اگر کوئی سڑک سبی، بیلہ یا کسی اور ضلع میں تعمیر ہوتی ہے تو اس کا فائدہ صرف اسی ضلع تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورے بلوچستان کے عوام اس سے استفادہ کرتے ہیں۔
وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے مزید کہا کہ اس کی واضح مثالیں چمن۔کوئٹہ۔خضدار۔بیلہ روڈ، کوئٹہ۔لورالائی روڈ، تربت۔کوئٹہ شاہراہ، گوادر۔حب شاہراہ اور کوئٹہ۔سبی شاہراہ ہیں جو پورے صوبے کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔ ترقیاتی منصوبے ہمیشہ زمینی حقائق اور فزیبلٹی کو مدنظر رکھ کر دیے جاتے ہیں۔ جہاں ضرورت ہوگی وہاں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ گوادر میں فش لینڈنگ جیٹی کی تعمیر، نصیر آباد ڈویژن میں پختہ نہری نظام، قلعہ سیف اللہ میں بادینی ٹرمینل اور سیبوں کے پروسیسنگ پلانٹس اسی اصول کی عملی مثالیں ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نہ موجودہ وزیر اعلیٰ، نہ میں بطور وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اور نہ ہی کابینہ کا کوئی رکن لسانیت پر یقین رکھتا ہے۔ یہ صوبہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جہاں بلوچ، پشتون، سندھی، ہزارہ، سرائیکی، پنجابی اور دیگر قومیتیں صدیوں سے آباد ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہتی ہیں۔
میر ظہور بلیدی نے کہا کہ لسانیت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے عناصر کو عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر لسانی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف بلوچستان کے عوام اور ایک پاکستانی کی حیثیت سے سوچیں۔ یہی سوچ اور یہی راستہ ہمیں صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں اور متوازی ترقی دینے کے قابل بنائے گا۔

WhatsApp
Get Alert