60 برس سے مسجد نبوی ﷺ میں قرآن پاک کی تعلیم دینے والے پاکستانی مدرس بشیر احمد صدیق انتقال کرگئے

مدینہ منورہ(قدرت روزنامہ)مسجد نبوی ﷺ میں طویل عرصے تک قرآن مجید کی تعلیم دینے والے پاکستانی نژاد معروف مدرس مولانا بشیر احمد صدیق انتقال کرگئے۔
جامعہ اشرفیہ لاہورکے ترجمان کے مطابق مرحوم کی نمازجنازہ مسجد نبوی ﷺ میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں جنت البقیع میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ان کی نماز جنازہ مسجد نبوی کے امام شیخ صلاح البدیر نے پڑھائی۔
مولانا قاری بشیر احمد صدیق گزشتہ 60 برس سے مسجد نبوی ﷺ میں قرآن پاک کی تعلیم دے رہے تھے اوردنیا بھر سے آنے والے زائرین اورطلبہ ان کے فیض سے مستفید ہوتے رہے۔ وہ دارالعلوم کراچی سے فارغ التحصیل تھے۔ دینی حلقوں نے مولانا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اوران کی خدمات کو امت مسلمہ کے لیے عظیم سرمایہ قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مولانا بشیراحمد صدیق نے اپنی پوری زندگی قرآن کریم کی خدمت اور تلاوت کی تعلیم کے لیے وقف کی، ان کا انتقال علمی و دینی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
