یوٹیوبر عمران ریاض خان کے وارنٹ گرفتاری کیوں جاری؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے معروف یوٹیوبر اور صحافی عمران ریاض خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا ہے۔
یہ کارروائی جج ہمایوں دلدار کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم کے کیس میں کی گئی ہے۔ عدالتی حکام کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی درخواست پر یہ وارنٹ جاری کیا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے ابتدائی انکوائری مکمل کرنے کے بعد عدالت سے قانونی اجازت طلب کی تھی تاکہ عمران ریاض خان اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمران ریاض خان اور ان کے ساتھیوں نے جج ہمایوں دلدار کو نشانہ بناتے ہوئے ایک آن لائن مہم چلائی، جو حالیہ مہینوں میں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیس نہ صرف عدلیہ کے احترام کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ سوشل میڈیا پر آزادی اظہار اور عدالتی وقار کے درمیان توازن قائم کرنے کے حوالے سے بھی ایک اہم امتحان ثابت ہوگا۔
دوسری جانب اس معاملے پر عوامی سطح پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کچھ افراد اسے قانون کی بالادستی قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر اسے آزادی اظہار پر قدغن کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
