پاکستان کے نوجوانوں کیلئے خوشخبری! مکمل فنڈڈ اسکالر شپس کا اعلان، تعلیمی اخراجات کے ساتھ ڈالرز میں پاکٹ منی بھی ملے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے یو ایس پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے تحت مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی وظائف کا اعلان کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت اہل پاکستانی اسکالرز کو دنیا کی صفِ اوّل کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کیا جائے گاجو عالمی سطح پر کیو ایس رینکنگ میں 300 بہترین امریکی یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔
یہ منصوبہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان علمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے انسانی وسائل کو جدید علمی و تحقیقی میدانوں میں تربیت یافتہ بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کے نوجوان اسکالرز نہ صرف اعلیٰ تحقیقی مہارتیں حاصل کر سکیں گے بلکہ ملک کی علمی اور تکنیکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
ایچ ای سی کے مطابق وظائف دو زمروں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ پہلے زمرے میں دنیا کی ابتدائی 50 رینکنگ والی جامعات شامل ہیں، جہاں طلبہ کو ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور صحت کی سہولتوں کا مکمل خرچ فراہم کیا جائے گا۔

دوسرے زمرے میں 51 سے 300 نمبر تک رینک رکھنے والی جامعات کے لیے سالانہ بارہ ہزار امریکی ڈالر تک تعلیمی فیس، وظیفہ اور صحت کی سہولتوں کے لیے مالی امداد دی جائے گی۔
یہ پروگرام ایچ ای سی کی اس مسلسل کوشش کا حصہ ہے جس کے ذریعے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کو بین الاقوامی تحقیقی ماحول اور جدید علمی رجحانات سے روشناس کرایا جا رہا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ بہار و گرمی 2026 کے داخلوں کے لیے 15 نومبر 2025 جبکہ خزاں 2026 کے داخلوں کے لیے 30 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔
خواہشمند امیدوار اپنی درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ مزید معلومات اور تازہ اپ ڈیٹس کے لیے امیدوار ایچ ای سی کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کر سکتے ہیں۔
