تحریک انصاف اب ہمارے ساتھ چلنے کو تیار مگران پر اعتبار کرنا مشکل: گورنر پنجاب


لاہور(قدرت روزنامہ)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حمایت سے حکومت بنی اور ہم نے نظام میں بہتری کے لیے (ن)لیگ کا ساتھ دیا، اب اگر وہ نمبر پورے بھی کرلے تو پیپلزپارٹی کے بغیر یہ سسٹم نہیں چل سکتا۔
چرچ آف پاکستان کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین میں ریلیف پیکج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب نے کہا کہ آج کے دن تک بہت سے علاقے سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ کی طرف سے مشکل آئی جس سے ہم سب نے مل کر نکلنا ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آفات ہمارے لئے امتحان ہوتے ہے اس میں سیاست کو نہیں لانا چاہے، خود سہولیات مل رہی ہوں تو انسان مشکل والے کے دکھ کو محسوس نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں جھگڑا نہیں کرنا چاہیے اور یہ نہیں سمجھنا چاہیے سارا کچھ میں ہوں، اداروں میں خرابیوں کی وجہ سے سروے میرٹ پر نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے لوگوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی نظام میں بہتری کے لئے مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیا اور حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، اگر قربانی کو تسلیم نہیں کیا جائیگا تو قیادت سے درخواست ہے کہ جیالوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن پہلے بھی (ن)لیگ سے اتحاد پر خوش نہیں تھے، انتخابات کے بعد ہم نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کی کوشش کی مگر انہوں نے ساتھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی نے ساتھ دینے کا اعلان تو کردیا ہے مگر بے اعتبار جماعت کی وجہ سے یہ مشکل فیصلہ ہے، یہ بھی کہا اگر مسلم لیگ (ن)نمبر بھی پورے کرلے تو بھی یہ سسٹم پیپلزپارٹی کے بغیر نہیں چل سکتا۔

WhatsApp
Get Alert