مصنوعی ذہانت کرکٹ کے میدان تک پہنچ گئی، گوگل جیمنائی اب پچ رپورٹ پیش کرنے لگا

وشاکاپٹنم(قدرت روزنامہ)مصنوعی ذہانت کا استعمال کرکٹ کے میدان تک بھی پہنچ گیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پِچ رپورٹ کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع کردیا۔
آج آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے 10 ویں میچ سے قبل بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان متھالی راج پِچ رپورٹ پیش کرنے کے لیے آئیں تو انہوں نے کہا کہ آج پِچ رپورٹ کے لیے ان کے ساتھ گوگل جیمنائی بھی موجود ہے۔
متھالی نے اپنے فون پر جیمنائی کے لائیو فیچر کو استعمال کرتے ہوئے کیمرے کے ذریعے پِچ کو دکھایا اور جیمنائی سے کہا کہ ہم ایک ون ڈے میچ کے لیے اے سی اے وی ڈی سی اے اسٹیڈیم وشاکا پٹنم میں موجود ہیں، اس وقت یہاں کا موسم گرم اور مرطوب ہے، تم اس پِچ کے بارے میں کیا کہتے ہو؟
Mithali Raj and Google Gemini telling us all we need to know about the pitch ahead of the first #CWC25 clash in Vizag. pic.twitter.com/VMjZCyYWEe
— ICC (@ICC) October 9, 2025
گوگل جیمنائی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے یہ پِچ بیٹرز کے لیے موزوں رہے گی، پِچ ہموار اور سیدھی ہے اور اس پر زیادہ گھاس بھی نہیں ہے، گرم اور مرطوب موسم کا مطلب ہے کہ بال بہت زیادہ سوئنگ نہیں ہوگا اور ممکن ہے کہ ایک ہائی اسکورنگ میچ دیکھنے کو ملے۔
اس کے بعد متھالی نے اپنے تجزیے میں بھی کہا کہ یقینی طور پر یہ بیٹنگ کے لیے ایک اچھی پِچ ہے اور آج ایک ہائی اسکورنگ میچ ہوسکتا ہے۔
خیال رہےکہ آئی سی سی ویمینز ورلڈ کپ 2025 کا 10 واں میچ بھارت اور جنوبی افریقا کے مابین کھیلا جارہا ہے۔
