شاہ رخ خان فلم’پٹھان‘ کی شوٹنگ کے دوبارہ آغاز کیلئے تیار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اپنی فلم ’پٹھان‘ کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شاہ رخ خان کی تقریباً دو سال سے کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہےاور اب ان کے مداح انہیں دوبارہ بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔شاہ رخ خان کو فلم ’پٹھان‘کی شوٹنگ کے لیے گزشتہ ماہ اسپین جانا تھا لیکن ان کے بیٹے آریان خان کی ممبئی کروز شپ کیس میں گرفتاری کی وجہ سے انہیں فلم کی شوٹنگ کو روکنا پڑا۔
شاہ رخ خان کے لیے بیٹے کی منشیات کیس میں گرفتاری کی وجہ سے بہت مشکل وقت دیکھنا پڑا۔اداکار ایک ماہ سےزائد عرصے سے اپنے بیٹے کی رہائی کے لیے قانونی جنگ لڑنےمیں مصروف تھےاور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق آریان خان کی رہائی کے بعد اب سب کچھ ٹھیک ہے۔ شاہ رخ خان اب کام پر واپسی کے لیے تیار ہیں اور شاہ رخ خان نے اپنی فٹنس پر کام کرنا شروع کر دیا ہے کیونکہ وہ آنے والی دونوں فلموں میں مضبوط کرداروں میں نظر آئیں گے۔فلم ’پٹھان‘ کے پروڈکشن ہاؤس کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ اگلےسال جنوری میں مکمل ہوجائے گی۔