لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر


لاہور(قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب حکومت نے اسموگ کی صورتحال کے پیش نظر موٹر سائیکل سواروں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں سے آلودہ ہوائیں لاہور، ملتان، بہاولپور اور دیگر جنوبی پنجاب کے علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، گاڑیوں کے شیشے بند رکھیں اور گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بھی بند رکھیں۔ اس کے علاوہ تعمیراتی مقامات اور مال بردار گاڑیوں کے لیے بھی حفاظتی اقدامات لازم قرار دیے گئے ہیں۔
وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسموگ سے بچاؤ اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صحت عامہ کے بحران کو روکا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert