جاپان میں پہلی بار خاتون وزیر اعظم منتخب! جانیں آئرن لیڈی سانائے تاکائیچی کون ہیں؟

ٹوكىو(قدرت روزنامہ)جاپان کی اسمبلی نے تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو وزیراعظم منتخب کرلیا گیا، نومنتخب وزیر اعظم سانائے تاکائیچی اپنی سخت گیر پالیسیوں اور اصولی مؤقف کے باعث آئرن لیڈی کے نام سے مشہور ہیں۔
سانائے تاکائیچی کا انتخاب ایک غیر متوقع سیاسی اتحاد کے نتیجے میں ممکن ہوا جس میں انہوں نے اصلاح پسند جماعت جاپان انوویشن پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا۔ اس سے قبل ان کی اتحادی جماعت کومیتو پارٹی نے اختلافات کی بنیاد پر اتحاد ختم کر دیا تھا۔
64 سالہ سانائے تاکائیچی کی شخصیت کو بعض لوگ مارگریٹ تھیچر سے بھی تشبیہ دیتے ہیں۔ وہ جاپانی سیاست میں سخت گیر نظریات، خاص طور پر روایتی خاندانی نظام اور شاہی وراثت میں صرف مردوں کے حق کی حامی سمجھی جاتی ہیں۔
جاپان میں خواتین کی سیاسی نمائندگی اب بھی بہت کم ہے۔ عالمی درجہ بندی کے مطابق، جاپان صنفی مساوات کے لحاظ سے 148 ممالک میں سے 118 ویں نمبر پر ہے۔ ایوان زیریں میں خواتین کی نمائندگی صرف 15 فیصد ہے۔
نو منتخب وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے کہ ان کی کابینہ میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی اہم نمائندگی دی جائے گی۔ مقامی میڈیا کے مطابق، ان کی ٹیم میں چند نئی اور بااثر خواتین وزراء کو شامل کیا جائے گا۔
نو منتخب وزیر اعظم سانائے تاکائیچی جلد ہی جاپانی بادشاہ سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر وزیرِاعظم کا منصب سنبھالیں گی۔
جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم سانائے تاکائیچی کون ہیں؟
سانائے تاکائیچی کا تعلق نارا شہر سے ہے۔ انہوں نے کوبے یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ ان کا شوق نوجوانی میں ہیوی میٹل موسیقی، موٹر سائیکل چلانا اور ڈرمنگ رہا بعد ازاں انہوں نے امریکہ میں ایک امریکی کانگریس ویمن کے ساتھ بھی کام کیا۔
سیاسی سفر
1993 میں وہ جاپانی پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئیں۔ بعد میں وہ ایل ڈی پی میں شامل ہو گئیں۔ انہوں نے شِنزو آبے اور فومیو کشیدا کی حکومتوں میں اہم وزارتیں سنبھالیں۔
وہ کئی مرتبہ پارٹی کی صدارت کے لیے امیدوار بنیں اور 2025 میں کامیابی حاصل کی بعد میں اتحادی جماعت کے ساتھ اتحاد کرکے وزیراعظم منتخب ہوئیں۔
تنازعات
تاکائیچی کئی تنازعات کا بھی حصہ رہی ہیں۔ ان پر میڈیا پر دباؤ ڈالنے، آزادی صحافت کو محدود کرنے اور متنازع یادگاروں جیسے یاسوکونی مزار پر جانے پر تنقید کی جاتی رہی ہے جسے چین اور کوریا ناپسند کرتے ہیں۔
ذاتی زندگی
انہوں نے ایک سیاستدان سے شادی کی اور ان کے پہلے سے موجود بچوں کو گود لیا تاہم بعد میں طلاق ہوئی مگر بعد میں دوبارہ شادی کی۔ وہ ایک جانثار بیوی کے طور پر اپنے شوہر کی تیمارداری کر رہی ہیں جو فالج کا شکار ہیں۔ ان کے شوق میں گھڑ دوڑ، جاپانی راک میوزک اور فٹبال شامل ہیں۔
