پاکستان موبائل فون مینوفیکچرنگ کا حب بن گیا؟ ماہانہ فروخت 15 لاکھ تک پہنچ گئی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان کی اسمارٹ فون مارکیٹ کو خطے کی سب سے زیادہ مسابقتی منڈیوں میں شمار کیا جاتا ہے لیکن ماہرین کے مطابق یہاں اب بھی ترقی کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ملک میں ہر ماہ 14 سے 15 لاکھ اسمارٹ فونز فروخت ہوتے ہیں جبکہ 14 سے زائد برانڈز مارکیٹ شیئر کے لیے سرگرم ہیں۔
انفرااسٹرکچر اور فور جی انٹرنیٹ تک محدود رسائی کے باعث لاکھوں افراد اب بھی فیچر فون استعمال کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں شامل ہو رہا ہے۔
عالمی سطح پر ژیاؤمی مسلسل 20 سہ ماہیوں سے دنیا کی تیسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے۔ پاکستان میں یہ ترکی کے بعد مشرقِ وسطیٰ کا دوسرا بڑا بازار ہے۔ کمپنی کے مطابق یہاں بہتر قوتِ خرید اور ڈیجیٹل سہولتوں سے مارکیٹ مزید ترقی کر سکتی ہے۔
2025 کی دوسری سہ ماہی میں ٹرانسشن گروپ (ٹیکنو، انفنکس) نے 44 فیصد شیئر کے ساتھ برتری حاصل کی، ژیاؤمی 18 فیصد، ویوو 17، سام سنگ 10 اور اوپو 6 فیصد پر رہے۔ ژیاؤمی کی شپمنٹس میں سالانہ بنیاد پر 41 فیصد کمی ہوئی ہے۔
95 فیصد فونز چھوٹے ریٹیلرز کے ذریعے فروخت ہوتے ہیں۔ ژیاؤمی نے بڑے شاپنگ مالز میں فلیگ شپ اسٹورز قائم کیے ہیں جبکہ کراچی کے صدر اور سرینا مارکیٹس اب بھی نمایاں ہیں۔
کمپنی اپنے سب سے بڑے مقامی پارٹنر ایئرلنک کے ساتھ اسمارٹ فونز اور اب اسمارٹ ٹی وی بھی تیار کر رہی ہے جن کی نئی سیریز دسمبر میں متعارف کروائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert