پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے 2 دسمبر کو کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام کا اعلان ،تیاریاں شروع

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کے صوبائی ایگزیکٹیوز کا اجلاس صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں برصغیر پاک وہند وپشتونخواوطن کے آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہیدعبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 52ویں برسی کے سلسلے میں 2دسمبر کو کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری مالیات آغا سید لیاقت علی، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خا ن اچکزئی، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال اور صوبائی ایگزیکٹیوز کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی منعقدہ 2دسمبر 2025بروز منگل کے حوالے سے مختلف فیصلے کیئے گئے اور پارٹی کے تنظیمی اداروں اور کارکنوں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ جلسہ عام کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں اور اس سلسلے میں گھر گھر عوامی رابطہ مہم کرتے ہوئے ہر مکتبہ فکر کے عوام کو جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دیں۔
اجلاس سے عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، قہار خان ودان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید کی سیاست میں قید وبندذہنی اذیتیں پاکستان کے تشکیل سے پہلے انگریزی سامراج کی جانب سے جاری تھے اور ملک بننے کے بعد ان کے سیاسی جمہوری اور فیڈریشن کے موقف سے خوفزدہ مسلط حکمران اس وقت بھی غیر سیاسی اور غیر جمہوری سازشوں میں مصروف تھے اور آج کی صورتحال گزشتہ سے مختلف نہیں۔ 1973کے آئین بننے کے بعد سب سے مجرمانہ عمل آئین کی پائمالی کا رہا ہے۔
فارم47کی حکومت اور اس کے ارادوں کو محترم مشر محمود خان اچکزئی نے بھانپ لیا تھا اور آئین کو بچانے کے لیے اپوزیشن کے سب سے بڑے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی بنیاد رکھی جو آج ملک کے ہر سیاسی جمہوری کارکن کے دل کی دھڑکن بن چکی ہے۔ جن پارٹیوں اور قوتوں نے آئین کی پائمالی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے یا پائمالی کا حصہ رہے ہیں انہیں ملک کے 25کرورڑ عوام کے عدالت میں حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہمہ جہت بحرانوں میں معاشی دیوالیہ پن اور عالمی تنہائی اور ملک کی وقار جس طرح سے مجروح کیا جارہا ہے اس نے حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں کے کارکنوں میں بد دلی اور مایوسی پھیل رہی ہے اور حقیقی سیاسی کارکن محمود خان اچکزئی سے اپنے سیاسی جمہوری امیدیں وابستہ کیئے ہوئے ہیں۔
پارٹی کے صوبائی کابینہ نے حکمت اور ہنر سے اپنے عوام اور حقیقی سیاسی جمہوری کارکنوں کو مایوسی کے دلدل سے نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اس بحرانی صورتحال میں پارٹی کے زیر اہتمام 2دسمبر کا جلسہ سیاسی جمہوری قوتوں کے امید کی نوید ہوں گی۔ اور صوبائی کابینہ کارکنوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ دو دسمبر کے جلسے کو 8ستمبر کے پہیہ جام اور شٹرڈان کے حقیقی جمہوری جذبے سے اپنے عوام کو متحرک کرنے اور ان کے تائید وحمایت سے جلسے کو کامیاب کرانے کی تگ ودو کریگی اور عوام سے اپیل کرے ہیں کہ ملک کے نااہل مسلط حکمران ٹولے کی کرتوتوں کو سیاہ تشت ازبام کرنے کا ذریعہ بنائینگے۔
