زہری میں تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ، نواب ثناء اللہ زہری اور نوابزادہ امیر حمزہ زہری کے رابطے رنگ لے آئے

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری اور صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطوں کے بعد زہری جانے والی تمام شاہراہیں مکمل طور
پرکھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
نواب ثناء اللہ خان زہری نے جھالاوان ہاؤس کراچی میں تحصیل زہری سے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “زہری میرا گھر ہے”، اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات سے وہ مطمئن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری کو ہدایت دی تھی کہ وہ اعلیٰ ضلعی و سیکورٹی حکام سے قریبی رابطے میں رہیں، جبکہ خود انہوں نے بھی اس سلسلے میں اعلیٰ عسکری حکام سے رابطہ کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ اس سے قبل زہری میں عائد کرفیو میں نرمی کی گئی تھی، اور اب حالات میں بہتری کے پیش نظر تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ علاقے کے شہری آزادانہ نقل و حرکت کر سکیں۔
