بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق، 18 زخمی

کوئٹہ/تربت/ڈیرہ بگٹی/بیلہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے واقعات میں چار افراد جاں بحق جبکہ اٹھارہ زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے سنگانی سر میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آیا جب مسلح افراد نے ایک کار پر اچانک فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار اکرام مراد اور شے مرید ولد محمد علی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق تربت کے علاقے ابسر سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے علاقے پمپ ایریا میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے امن فورس کمانڈر کے بھتیجے کو زخمی کردیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ زخمی کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور امن فورس کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیش شروع کردی۔
ادھر کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں تیزرفتاری کے باعث پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار گاڑی اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی گاڑی سے جا ٹکرائی۔ زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسی طرح بیلہ کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر چینکی اسٹاپ کے مقام پر مسافر وین اور پروبکس گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ چار زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کراچی ریفر کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر بیلہ رومیل نعیم جان سمیت پولیس و ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
