بلوچستان ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے — حلقہ پی بی-6 دکی اور پی بی-7 زیارت کم ہرنائی کے انتخابی عذرداری کیس خارج، سردار مسعود لونی اور حاجی نور محمد دمڑ کی کامیابی برقرار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی بی-6 دکی اور پی بی-7 زیارت کم ہرنائی سے متعلق انتخابی عذرداریوں کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے دونوں درخواستیں خارج کر دیں، جس کے بعد دونوں منتخب اراکینِ اسمبلی کی کامیابی برقرار رہی۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ پی بی-6 دکی سے متعلق کیس میں سردار محمد انور خان ناصر کی جانب سے صوبائی وزیر سردار مسعود خان لونی کی کامیابی کے خلاف انتخابی عذرنامہ دائر کیا گیا تھا، تاہم الیکشن ٹربیونل نے شواہد کے عدم اطمینان کے باعث درخواست خارج کر دی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں سردار مسعود خان لونی کی کامیابی برقرار رہی۔
اسی طرح حلقہ پی بی-7 زیارت کم ہرنائی سے متعلق دائر انتخابی عذرنامہ میں حاجی نور محمد دمڑ کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا تھا، جسے عدالت نے ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد دونوں اراکینِ اسمبلی کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ ٹربیونل کے باہر کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
