بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر لکپاس ٹنل سے ایف سی چیک پوسٹ دشت منتقل — عوامی مطالبہ پورا، مسافروں کی مشکلات میں کمی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر لکپاس ٹنل پر قائم فرنٹیئر کور (ایف سی) چیک پوسٹ کو دشت منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ضلع مستونگ کے عوام کے دیرینہ مطالبے اور وکلاء کی جانب سے دائر کردہ آئینی پٹیشن کے نتیجے میں ممکن ہوا۔
آئینی درخواست ایڈووکیٹ حمید بنگلزئی (چیئرمین یونین کونسل سورگز مستونگ) کی قیادت میں دائر کی گئی، جس میں مستونگ کے وکلاء نے بھی بھرپور معاونت فراہم کی۔ کیس کی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل بینچ نے کی۔
عدالتِ عالیہ نے اپنے تاریخی فیصلے میں ایف سی چیک پوسٹ کو لکپاس ٹنل سے ہٹا کر کسی کھلے، محفوظ اور مناسب مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے ایف سی چیک پوسٹ کو دشت منتقل کر دیا ہے۔
اس اقدام کے نتیجے میں شاہراہ کی بندش، غیر ضروری تاخیر اور مسافروں کی مشکلات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں، ٹرانسپورٹرز اور شہریوں نے اس فیصلے کو عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے بلوچستان ہائیکورٹ اور مستونگ کے وکلاء برادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سماجی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بلوچستان میں شہری آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ایک مثال ہے، جس سے آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے عدالتی اقدامات کی راہ ہموار ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert