لیویز فورس کے انضمام کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا احتجاجی مظاہرہ — “پولیس میں انضمام نامنظور، صوبائی حکومت فیصلہ واپس لے” دارا خان جوگیزئی کا مطالبہ

قلعہ سیف اللہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے “پولیس میں انضمام نامنظور” اور “لیویز ہماری پہچان ہے” جیسے نعرے لگائے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیویز فورس کا پولیس میں انضمام فوری طور پر واپس لیا جائے۔
پارٹی رہنما دارا خان جوگیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس ایک بااعتماد، مقامی اور مؤثر ادارہ ہے جس نے دہائیوں سے قبائلی علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے اور روایتی نظامِ انصاف کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی امن، ثقافتی خودمختاری اور مقامی شناخت کے خلاف ایک قدم ہے۔
احتجاجی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ لیویز فورس کو ختم کرنے کے بجائے اسے مزید مضبوط اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ یہ ادارہ مؤثر انداز میں اپنی خدمات جاری رکھ سکے۔
اختتامی خطاب میں پارٹی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوامی خواہشات کے برعکس فیصلے واپس نہ لیے تو احتجاج کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا۔
احتجاجی مظاہرے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار حیات خان میرزئی اور جمال خان مندوخیل سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
