سوراب میں لیویز فورس کے انضمام کے خلاف احتجاجی ریلی، اہلکاروں اور عوام کا مشترکہ مظاہرہ

لیویز فورس مقامی، بااعتماد اور مؤثر امن فورس ہے، انضمام کسی صورت قبول نہیں — شرکاء کا حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ


سوراب(قدرت روزنامہ)شہید سکندر آباد سوراب میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں لیویز فورس کے افسران و جوانوں کے علاوہ قبائلی عمائدین، سیاسی کارکنوں اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس ایک مقامی، بااعتماد اور مؤثر امن فورس ہے جس نے ہمیشہ دیہی اور قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورس کے انضمام کا فیصلہ لیویز کے تاریخی کردار، شناخت اور عوامی اعتماد کو ختم کرنے کی کوشش ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا:
“لیویز فورس ہماری پہچان ہے”, “انضمام نامنظور”, “لیویز کا انضمام عوامی استحصال ہے”۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ لیویز فورس نے ہمیشہ اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر علاقائی امن کو برقرار رکھا، مگر اب حکومت زبردستی اسے پولیس نظام میں ضم کر کے مقامی نظامِ امن کو تباہ کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ پولیس نظام میں انضمام سے عوامی تعاون اور روایتی امن ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر لیویز فورس کے انضمام کا فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو احتجاجی دائرہ پورے بلوچستان تک پھیلایا جائے گا اور قانونی و جمہوری راستہ اختیار کیا جائے گا۔
عوامی نمائندوں اور عمائدین نے کہا کہ لیویز فورس کو ختم کرنے کے بجائے اسے مزید وسائل، تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ یہ فورس امن و ترقی میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھ سکے۔

WhatsApp
Get Alert