بلوچستان ، بھاگ میں مسلح افراد کا تھانوں پر حملہ ، مقابلے میں ایس ایچ او شہید ، بینک لوٹنے کی کوشش ناکام ، ایک حملہ اور ہلاک ، دو زخمی


بھاگ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع کچھی میں نامعلوم افراد نے سرکاری عمارتوں او تھانوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر شہید جبکہ ایک جوان زخمی ہوگیا۔ جوابی کاررواائی میں ایک دہشتگرد بھی مارا گیا۔پولیس کے مطابق کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں پیر کی شام درجنوں حملہ آور موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار ہوکر بھاگ ناڑی میں داخل ہوئے اوربیک وقت نیشنل بینک، تحصیل آفس، پولیس تھانہ صدر اور پولیس تھانہ سٹی پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق اس دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ ہوا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس ایس ایچ او انسپکٹر لطف علی شہید جبکہ کانسٹیبل محمد عظیم زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا۔مسلح افراد نے نیشنل بینک، تحصیل آفس اور دونوں تھانوں کو آگ لگا دی جبکہ پولیس کے اسلحہ خانے کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ واقعہ کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کچھی معاذ الرحمان بھاری پولیس نفری، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ بھاگ پہنچ گئے تاہم فورسز کے پہنچنے سے پہلے ہی حملہ آور فرار ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا تعاقب شروع کردیا۔

WhatsApp
Get Alert