گوادر: مولانا ہدایت الرحمان بلوچ گرفتاری دینے سنٹسر تھانہ پہنچ گئے، پولیس نے گرفتاری سے انکار کر دیا

حق دو تحریک کے کارکنان کی مولانا ہدایت الرحمان کے حق میں نعرے بازی


گوادر (قدرت روزنامہ) حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ اور رکن صوبائی اسمبلی گوادر، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ گرفتاری دینے کے لیے سنٹسر تھانہ گوادر پہنچ گئے، تاہم پولیس نے ان کی گرفتاری سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ ماہ گوادر کے رہائشی خدابخش کے بیٹے کی مدعیت میں سنٹسر تھانے کے انچارج نے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے خلاف ایف سی فورسز سے متعلق اسمبلی میں کی گئی تقریر پر مقدمہ درج کیا تھا۔
مولانا ہدایت الرحمان اپنے متعدد کارکنان کے ہمراہ گرفتاری دینے تھانے پہنچے، جہاں ایس ایچ او کی غیر موجودگی اور ڈی ایس پی کے انکار کے باعث گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
اس موقع پر حق دو تحریک کے درجنوں کارکنان بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے رہنما کے حق میں نعرے بازی کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ واقعہ کے دوران کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا گیا اور معاملہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
ذرائع کے مطابق، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے، جبکہ کارکنان نے اعلان کیا کہ ان کا احتجاج پُرامن اور آئینی دائرے میں رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert