بلوچستان کی خوشحالی زراعت، ماہی گیری اور مقامی صنعتوں کے فروغ سے مشروط ہے، عبدالمالک بلوچ
**تربت میں ایک روزہ زرعی میلے کا انعقاد، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے افتتاح کیا

تربت(قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی *ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ* نے سرکٹ ہاؤس تربت میں *سوشل انٹرپرائزز پلیٹ فارم* کے زیر اہتمام منعقدہ *ایک روزہ زرعی میلے* کا افتتاح کیا۔
میلے کا مقصد کھجور سمیت مقامی زرعی پیداوار کے فروغ، جدید زرعی طریقوں کے تعارف اور کسانوں کو کاروباری مواقع سے جوڑنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے *ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ* نے کہا کہ کھجور کیچ کی معیشت کا بنیادی ستون ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، خصوصاً مکران میں کھجور کی کاشت، پروسیسنگ اور برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں صنعتی بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے زرعی میلوں سے کسانوں اور کاروباری طبقے کو عملی فائدہ ہوگا اور مقامی معیشت کو استحکام ملے گا۔ بلوچستان کی خوشحالی کا دارومدار زراعت، ماہی گیری اور مقامی صنعتوں کے فروغ پر ہے۔
تقریب میں سابق سینیٹر *اکرم دشتی، میئر تربت **بلخ شیر قاضی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت **شعیب ناصر*، سرکاری افسران، سماجی رہنما، کسان نمائندے اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میلے کے اختتام پر *ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ* اور دیگر مہمانوں نے زرعی مصنوعات، کھجور کی اقسام، لائیو اسٹاک اور دستکاریوں پر مشتمل اسٹالز کا معائنہ کیا۔
یہ میلہ *مکران سوشل انٹرپرائزز پلیٹ فارم* کی جانب سے *ضلعی انتظامیہ کیچ، **میونسپل کارپوریشن تربت* اور *یورپی یونین* کے تعاون سے *گراسپ پروگرام* کے تحت منعقد کیا گیا۔
