این سی سی آئی اے افسران پر 90 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام — ڈکی بھائی کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز سمیت دیگر افسران کے خلاف 90 لاکھ روپے رشوت لینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق مقدمہ معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے کے افسران نے یوٹیوبر کی فیملی سے مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے رشوت کے طور پر وصول کیے۔
ایف آئی آر کے مطابق تفتیشی افسر شعیب ریاض نے ڈکی بھائی کو ریلیف دلوانے کے عوض 60 لاکھ روپے رشوت فرنٹ مین کے ذریعے حاصل کی، جو یوٹیوبر کے دوست عثمان نے ادا کیے۔ بعد ازاں، شعیب ریاض نے ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ کروانے کے لیے مزید 30 لاکھ روپے رشوت وصول کی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں شامل افسران کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ این سی سی آئی اے حکام نے اندرونی انکوائری شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
