وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور جنید اکبر کے جارحانہ بیانات پر پی ٹی آئی میں تشویش — پارٹی قیادت میں اختلافات ابھر آئے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر کے جارحانہ بیانات نے پارٹی کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے سخت لب و لہجے اور اشتعال انگیز بیانات پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور، سینیٹر شبلی فراز، شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر رہنماؤں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی صدر کے بیانات پارٹی کی واحد حکومت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت پارٹی کو تنازعات میں الجھنے کے بجائے صوبائی حکومت کے استحکام پر توجہ دینی چاہیے۔
اندرونی ذرائع نے مزید بتایا کہ بیرسٹر گوہر علی خان، شبلی فراز اور شیخ وقاص اکرم نے بھی مقتدر حلقوں کے خلاف محاذ آرائی کے طرزِعمل پر اعتراض اٹھایا ہے۔
پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی تشویش کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر بیانات کا سلسلہ نہ رکا تو خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے لیے مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں اور صورتحال دوبارہ 9 مئی جیسے حالات کا رخ اختیار کر سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert