**عمران خان کا سہیل آفریدی چھوٹی کابینہ بنانے کی ہدایت — محمود اچکزئی و علامہ راجہ ناصر کی تقرری میں تاخیر پر بانی کا اظہارِ برہمی، لیڈرز کو عدالت جانے کا حکم

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن *عظمیٰ خان* نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو *اپنی مرضی سے چھوٹی کابینہ تشکیل دینے کی ہدایت* دی ہے اور واضح کہا ہے کہ کابینہ کے ارکان کا فیصلہ وزیراعلیٰ خود کریں، کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔
داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ خان نے بتایا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو سخت ہدایت دی ہے کہ *ملاقات نہ ہونے کے معاملے پر تمام لیڈرز ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں پٹیشنز دائر کریں* اور عدالت سے تاریخ لیے بغیر واپس نہ آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے *علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی* کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا، جبکہ پوچھا کہ *“احمد چٹھہ اور بلال اعجاز کو کس نے عہدوں سے ہٹایا؟ وہ میرے پرانے ساتھی ہیں”۔*
عظمیٰ خان کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے جلسے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سب کی ڈیمانڈ لانگ مارچ کی تھی، جس پر وہ ہنس دیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو خصوصی پیغام دیا ہے کہ *پارٹی کے تمام اہم پیغامات اب ان کے ذریعے آگے بھیجے جائیں۔*
عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ *توہینِ عدالت کی درخواستیں فوری طور پر فائل کی جائیں*، تاکہ ملاقات کے حق سے محرومی کے خلاف قانونی چارہ جوئی تیز کی جا سکے۔
بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر واپس روانہ ہو گئیں۔
